2 جولائی 2015 - 03:20
کویت; مسجد میں خود کش حملہ آور کے والد کا اصل مجرموں کو سزا دینے کا مطالبہ

کویت میں اہل تشیع کی جامع مسجد امام جعفر الصادق میں خودکش حملہ کرنے والے بمبار فہد القباع کے والد سلیمان القباع نے بیٹے کی خوفناک حرکت پر گہرے دکھ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کو دہشت گردی کی طرف مائل کرنے والے لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق کویت میں اہل تشیع کی جامع مسجد امام جعفر الصادق میں خودکش حملہ کرنے والے بمبار فہد القباع کے والد سلیمان القباع نے بیٹے کی خوفناک حرکت پر گہرے دکھ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کو دہشت گردی کی طرف مائل کرنے والے لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہئے ، مجھے فہد کے شدت پسندیا مشکوک سرگرمیوں کا ذرا بھی شبہ نہیں ہوا۔
عرب میڈیا بات چیت کرتے ہوئے سلیمان القباع نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ میرے بیٹے کو کب اور کن گناہ گار ہاتھوں نے ایک ایسے اقدام پر تیار کیا جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں بمبار فہد القباع کے والد نے کہا کہ میں نے کویت سٹی میں مسجد میں دھماکے اور اس میں فہد کے ملوث ہونے کی خبر ٹی وی پر دیکھی یہ خبر میرے اور پورے خاندان کے لئے ایک بڑے صدمے کا باعث تھی۔ مجھے یقین نہیں آ رہا تھا کہ یہ خبر درست ہو سکتی ہے۔ سلیمان القباع نے کہا کہ کویت واقعے سے چار دن قبل میری بیٹے سے ملاقات ہوئی۔ اس نے مجھے کہا کہ وہ ماہ صیام کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنا چاہتا ہے لیکن کسی شیطانی ہاتھ نے اسے وہاں سے نکالا اور کویت پہنچا دیا۔ اس کے بعد میں نے بیٹے کو نہیں دیکھا۔
ایک سوال کے جواب میں بمبار کے والد نے کہا کہ انہیں کبھی بھی فہد کے بارے میں ذرا بھی شبہ نہیں ہوا کہ وہ کسی شدت پسند یا مشکوک سرگرمی میں ملوث ہے۔ وہ معمول کے مطابق ریاض کے ایک ریستوران میں ملازمت کرتا تھا۔ کچھ عرصہ قبل اس کی شادی ہوئی لیکن چار ماہ بعد میاں بیوی میں علیحدگی ہو گئی تھی۔ شادی کے ابتدائی ایام میں وہ القصیم شہر میں مقیم رہا۔ اس کے بعد وہ دوبارہ ریاض میں والد کے گھر ہی میں منتقل ہو گیا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169